حیدرآباد، 22؍فروری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )تلنگانہ میں منگل کو ایک لگژری بس کے 30مسافروں کی جان پر اس وقت خطرہ منڈلانے لگا تھا جب بس میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی۔واقعہ کی ویڈیو کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ بس میں کافی تیز آگ لگی تھی۔ یہ حادثہ حیدرآباد سے تقریبا 50کلومیٹر دور پیش آیا تھا۔واقعہ کل دوپہر کا ہے، جب الیر نامی مقام پر بس میں اچانک آگ لگ گئی تھی،تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس وارنگل سے حیدرآباد جا رہی تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ بس میں اچانک ڈرائیور نے انجن میں چنگاری دیکھی، اطلاعات کے مطابق اس کے فورا بعد ڈرائیور نے بس روک دی اور تمام مسافروں کو بس سے جلدی اتر جانے کو کہا۔کچھ ہی منٹوں میں سبھی مسافر ین بس سے اتر گئے اور بس آگ کی زد میں آگئی ۔تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پی مہندر ریڈی نے واقعہ کی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ریڈی نے ٹرانسپورٹ حکام کو واقعہ پر تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کو کہا ہے اور یہ بھی تاکید کی ہے کہ ایسے واقعات کا تکرار نہ ہو۔گزشتہ ہفتے یوپی میں ایک ڈبل ڈیکر بس بھی ایسے ہی ایک حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس میں تقریبا 70مسافروں کی جان بچ گئی تھی، یہ سبھی مسافرین مزدور تھے، یہ بس بہرائچ جا رہی تھی اور ڈرائیور نے اچانک تیزی سے بریک لگایا تھا اور مسافرین بس سے کود کر اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔دسمبر میں اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں بس خاکستر ہو گئی تھی۔یہ واقعہ مدھیہ پردیش میں پیش آیا تھا ۔بھوپال سے بیراگڑھ جا رہی بس میں اس وقت آگ لگ گئی تھی جب ڈیزل کا پائپ پھٹ گیا،ایک مسافر نے ڈیزل لیک کو دیکھ کر سبھی کو اس سے آگاہ کیا تھا۔یہ بس تقریبا آدھے گھنٹے تک جلتی رہی تھی تب جاکر راحتی حکام موقع پر پہنچے تھے۔